کار آمد تدبیریں

(۱)پلنگ کی پائنتی اجوائن کی پوٹلیاں باندھنے سے اس پلنگ کے کھٹمل بھاگ جائیں گے ۔
(۲)اگر مچھر دانی میسر نہ ہو اور گرمیوں کے موسم میں مچھر زیادہ تنگ کریں تو بستر پر جابجا تلسی کے پتے پھیلادیں مچھر بھاگ جائیں گے۔
(۳)لکڑی میں کیل ٹھوکتے ہوئے لکڑی کے پھٹنے کا خطرہ ہو تو اس کیل کو پہلے صابون میں ٹھوکنے کے بعد لکڑی میں ٹھوکنا چاہیے اس طرح لکڑی نہیں پھٹے گی۔
(۴)کاغذی لیموں کا رس اگر دن میں چند بار پی لیں تو ملیر یا کا حملہ نہیں ہوگا۔
(۵)لُو سے بچنے کے لیے تیز دھوپ میں سفر کرتے وقت جیب میں ایک پیاز رکھ لینا چاہیئے۔
(۶)ہیضہ کے حملہ سے بچنے کے لیے سرکہ لیموں اور پیاز کا بکثرت استعمال کرنا چاہیئے۔
(۷)سبزیوں کو جلد گلانے اور آٹے میں خمیر جلد آنے کے لیے خربوزہ کے چھلکوں کو خوب سکھائیں اور اس کو باریک پیس کر سفوف تیار کرلیں پھر اسی سفوف کو سبزیوں میں جلد گلانے کے لیے ڈالیں اور آٹے میں خمیر جلد آنے کے لیے تھوڑا سفوف آٹے میں ڈال دیا کریں۔
(۸)روغن زیتون دانتوں پر ملنے سے مسوڑھے اور ہلتے ہوئے دانت مضبوط ہو جاتے ہیں۔
(۹)ہچکی آرہی ہو تو لونگ کھا لینے سے بند ہو جاتی ہے۔
(۱۰)سر میں جوئیں پڑ جائیں تو ست پودینہ صابون کے پانی میں حل کر کے سر میں ڈالیں اور سر کو خوب دھوئیں دو تین مرتبہ ایسا کر لینے سے کل جوئیں مر جائیں گی۔
(۱۱)لیموں کی پھانک چہرہ پر کچھ دنوں ملنے اور پھر صابون سے دھولینے سے چہرہ کے کیل مہاسے دور ہو جاتے ہیں۔
(۱۲)پیدل چلنے کی وجہ سے اگر پاؤں میں تھکن زیادہ معلوم ہو تو نمک ملے ہوئے گرم پانی میں کچھ دیر پاؤں رکھ دینے سے تھکاوٹ دور ہو جاتی ہے۔
(۱۳)لیموں کو اگر بھوبل میں گرم کر کے نچوڑیں تو عرق آسانی کے ساتھ دوگنا نکلے گا۔
(۱۴)آگ سے جل جائیں تو جلے ہوئے مقام پر فوراً روشنائی لگائیں یا چونا کا پانی ڈالیں یا بروزہ کا تیل لگائیں یا شکر سفید پانی میں گھول کر لگائیں۔

(۱۵)سانپ یا کوئی زہریلا جانور کاٹ لے تو کاٹنے سے ذرا اوپر فوراً کسی مضبوط دھاگے سے کس کر باندھ دو پھر کاٹنے کی جگہ افیون لگا دو تاکہ وہ جگہ سن ہوجائے پھر بلیڈ سے زخم لگا کر دبا دو تاکہ چند قطرہ خون نکل جائے پھر پیاز کو چولہے میں بھون کر اور نمک ملا کر اس جگہ پر باندھ دیں اور مریض کو سونے نہ دیں یہ فوری ترکیب کر کے پھر ڈاکٹر سے علاج کرائیں اور انجکشن لگوائیں۔
(۱۶)اگر کوئی سنکھیا یا افیون یا دھتورا کھا لے تو فوراً سویہ کا بیج دوتولہ آدھ سیر پانی میں پکا کر اس میں پاؤ بھر گھی ایک تولہ نمک ملا کر نیم گرم پلائیں اور قے کرائیں جب خوب قے ہوجائے تو دودھ پلائیں اور اگر دودھ سے بھی قے ہوجائے تو بہت اچھا ہے اور مریض کو سونے نہ دیں ان شاء اﷲ تعالیٰ مریض صحت یاب ہوجائے گا۔

Previous Post Next Post