یہ مدینہ منورہ کی ایک انصاریہ عورت ہیں بڑی بہادر اور اسلام پر جان دینے والی صحابیہ ہیں حضرت عمر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ اپنی خلافت کے زمانے میں مدینہ کی عورتوں کے درمیان چادریں تقسیم کر رہے تھے کہ ایک بہت ہی عمدہ چادر بچ گئی تو آپ نے لوگوں سے مشورہ کیا کہ یہ چادر میں کس کو دوں؟ تو لوگوں نے کہا کہ یہ چادر آپ حضرت علی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کی صاحبزادی بی بی ام کلثوم رضی اﷲ تعالیٰ عنہا کو دے دیجئے جو آپ کی بیوی ہیں تو آپ نے فرمایا
کہ نہیں ہر گز ہرگز نہیں میں یہ چادر ام کلثوم رضی اﷲ تعالیٰ عنہا کو نہیں دوں گا بلکہ میری نظر میں اس چادر کی حقدار بی بی ام سلیط رضی اﷲ تعالیٰ عنہا ہیں خدا کی قسم میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کہ جنگ احد کے دن یہ اور ام المومنین بی بی عائشہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہا دونوں اپنے کندھوں پر مشک بھر بھر کر لاتی تھیں اور مجاہدین اور زخمیوں کو پانی پلاتی تھیں اور پھر ام سلیط رضی اﷲ تعالیٰ عنہا ان خوش نصیب عورتوں میں سے ہیں جو رسول اﷲصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم سے بیعت کر چکی ہیں حضرت امیر المومنین عمر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے یہ فرما کر وہ چادر حضرت ام سلیط رضی اﷲ تعالیٰ عنہا کو عطا فرمادی ۔
(صحیح البخاری،کتاب الجہاد،والسیر،باب حمل النساء القرب الی الناس،رقم۲۸۸۱،ج۲،ص۲۷۶)