معاصرین میں بدر فی النجوم: حضرت شیخ الاسلام

معاصرین میں بدر فی النجوم: حضرت شیخ الاسلام 

حضرت علامہ مفتی عبد الحلیم اشرفی رضوی صاحب قبلہ، 

خلیفہ حضور مفتی اعظم ہند ۔ناگپور۔ سر پرست دعوت اسلامی ہند

محترمی مولانا نعیم الدین صاحب اشرفی ،سلام و رحمت!
 میں آندھرا پردیش سے ناگپور آرہا تھا ۔ٹرین میں آپ کے فون سے بے حد مسرت ہوی کہ آپ حضور شیخ الاسلام علامہ مدنی میاں پر کوئی مجلّہ شائع کر رہے ہیں۔مولا ئے کریم آپ کو مخدومی فیضان سے مالامال فرمائے ۔آپ کےاس اقدام پر قبل از وقت قلب کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔
علامہ مدنی میاں اپنے والد گرامی کی کھلی ہوی کرامت ہیں ۔اوائل عمری میں بہت کم بولتے تھے ۔ایک دن والدہ ماجدہ نے حضور محدث اعظم سے کہا آپ نے اپنا جا نشین ایسے کو نامزد کیا ہے جو بولتے نہیں ۔فرمایا :’’جب وقت آئے گا تو خوب بولینگے‘‘۔دنیا نے ماتھوں کی آنکھوں سے دیکھ لیا علامہ مدنی میاں اپنے والد گرامی کی کرامت بن کر چمکے۔جب ممبر خطابت پر آئے تو خطیب البراھین ،تقریر کی دنیا میں آئے تو رئیس المقررین،تصنیف کی دنیا میں آئے تو ممتاز المصنفین۔ان کی علمی صلاحیتوں کا اندازہ ان کی دیگر تصانیف کے علاوہ ’’ سید التفاسیر المعروف بہ تفسیر اشرفی‘‘ سے لگایا جاسکتا ہے۔جس کے مطالعہ کے بعد آفتاب نیم روز کی طرح روشن و آشکارا ہو جائےگاکہ قدرت نے آپ کو قرآن فہمی و تفسیر شناسی کی بھر پور صلاحیتوں سے ما لامال فرمایا ہے۔ذٰلک فضل اللہ یؤتیہ من یشاء۔۔۔
معاصرین میں علامہ مدنی کو بدر فی النجوم کہئے جو اپنی گوناگوں صلاحیتوں کی بنیاد پر ممتاز العلماء و المشائخ نظر آرہے ہیں ۔حدیث میں ہے من یرد اللہ بہ خیرا یفقھہ فی الدین ۔اللہ جس کے لیے خیر کا ارادہ فرما تا ہے اسے دین کی سمجھ عطا فرماتا ہے ۔حدیث مذکورہ کی روشن میں آپ کے فتاوے اورتحقیقی مسائل جدیدہ کے مطالعہ سے فقہی بصیرت کا اندازہ لگا یا جا سکتا ہے ۔
علامہ مدنی میاں بیک وقت شیخ طریقت بھی ہیں رہبر شریعت بھی ،فقیہ دین بھی ہیں مفکر اسلام بھی ۔علم وعمل ،فضل و کمال ، زہد و تقوٰی کے علاوہ اخلاق و کردار ،صبر و ضبط ،تحمل و بردباری ،تواضع و انکساری کے مظہر اتم ہیں ۔چند لمحوں کی صحبت بے قرار دلوں کا قرار ،بے چین دلوں کا چین ہے ۔جس خوش نصیب کو آپ کی ہمکلامی کا شرف حاصل ہوا ہوگا انہیں ضرور محسوس ہوا ہو گا کہ لبہائے مبارک سے جھڑنے والے پھول مشام جاں کو معطر کر دیتے ہیں ، آپکی مسکراہٹ سے دل کی مرجھائی ہوی کلیاں کھل جاتی ہیں ۔ علامہ مدنی میاں مخدوم پاک کی امانتوں کے امین ،حضور محدث اعظم ہند کے سچے جانشین اور اپنے پیر و مرشد حضور سرکار کلاں کے راز دار اور عکس جمیل ہیں، 
  نہ جانے کیسی کیسی خوبیاں مدنی میاں میں ہیں
مولائے کریم حضور والا کے سایئہ عاطفت کو سروں پر تا دیر سلامت رکھے تاکہ دنیائے اسلام آپ سے اکتساب علم اور روحانی فیضان حاصل کرتی رہے ۔آمین۔
  ایں دعاء از من وجملہ جہاں آمین باد
آپ کی خواہش کا احترام کرتے ہوے چند سطور حضور شیخ الاسلام کی بارگاہ میں بطور خراج عقیدت پیش ہے  ؂ گر قبول افتد زہے عز وشرف  ۔۔۔ 
 محتاج کرم ، محمد عبد الحلیم ، شانتی نگر ،ناگپور
Previous Post Next Post