عورتوں کے ساتھ حسن معاشرت کا حکم: Auratoun Ke Sath Husn e Muashirat Ka Hukm

 عورتوں کے ساتھ حسن معاشرت کا حکم:

اسلام نے جہاں مرد کو عورت پر اختیارات دیئے ہیں‘ وہیں اسے عورت کے ساتھ حسن معاشرت کا بھی حکم دیا ہے۔ اگر بالفرض مرد حسن معاشرت میں کمی بیشی کرے تو عورت کو بھی کچھ اختیارات سے نوازا ہے۔ ارشاد ہے:

{وَعَاشِرُوْھُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ} (النساء : ۱۹)

’’اور عورتوں کے ساتھ اچھی طرح سے زندگی بسر کرو‘‘

یعنی اپنے اقوال اورافعال کو خوبصورت بناؤ۔ جس طرح تم چاہتے ہو کہ تمہاری بیویوں کے اقوال‘ افعال درست ہوں۔

حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی حسن معاشرت کو یوں بیان فرمایا:

خیرکم خیرکم لاھلہ وانا خیرکم لاھلی (رواہ الترمذی)

’’تم میں سے بہترین وہ ہے جو اپنے اہل خانہ کے ساتھ بہترین رویہ رکھنے والا ہو۔ اور میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ تم سب سے بہتر رویہ رکھنے والا ہوں‘‘۔

مرد ہر حال میں عورت کے ساتھ اچھا برتاؤ کرے:

اس سورت مبارکہ میں مردوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ عورتوں کے ساتھ اچھا برتاؤ کریں‘ اگرچہ وہ ان کی کچھ باتوں کو ناپسند بھی کر رہے ہوں۔ کیونکہ اسی میں ان کے لیے دنیا اور آخرت کی بھلائیاں ہیں:

{فَاِنْ کَرِھْتُمُوْھُنَّ فَعَسٰٓی اَنْ تَکْرَھُوْا شَیْئًا وَّ یَجْعَلَ اللّٰہُ فِیْہِ خَیْرًا کَثِیْرًا} (النساء : ۱۹)

’’اگر وہ تمہیں ناپسند ہوں تو ممکن ہے تمہیں ایک چیز پسند نہ آئے مگر اللہ نے اس میں بہت کچھ بھلائی رکھی ہو ‘‘

حضرت ابن عباس ؓ  فرماتے ہیں کہ اس کی صورت یہ بھی ہوسکتی ہے کہ مرد عورت کے ساتھ اچھا برتاؤ کرے اور اللہ پاک اسے نیک اولاد عطا کردیں اور یہ اس کی بھلائی کا ذریعہ بن جائے۔

بہرحال عورتوں کے لیے یہ بھی اسلام کی طرف سے بہت بڑا تحفہ ہے کہ مردوں کو ہر حال میں ان کے ساتھ حسن معاشرت اختیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ خواتین حسن معاشرت ترک کردیں۔ بلکہ مسابقت رکھیں۔ اگر خاوند حسن معاشرت رکھ رہا ہے تو آپ اس سے آگے بڑھیں اور مزید اچھے طریقے سے اسے اپنائیں۔

Previous Post Next Post