ایک مرد اپنی بیوی سے کیا چاہتا ہے؟
ہر انسان کی فطرت اور سوچ جدا ہوتی ہے ، تاہم دیکھا یہ گیا ہے کہ نوجوان مرد کی چاہت یہ ہوتی ہے کہ میری بیوی خوبصورت ہو … خوب سیرت ہو…خوش مزاج ہو… صبر وتحمل والی ہو…مزاج شناس ہو…اور پاکدامنی کی زندگی گزارنے والی ہو۔
مرد عورت کی ہر غلطی کو معاف کرسکتاہے لیکن اس کی پاکدامنی سے متعلق غلطی کو معاف نہیں کرتا ، یہ عجیب بات ہے کہ خود بھی اگر اسی گناہ میں ملوث ہو تو پھر بھی اس کی چاہت یہی ہوگی کہ میر ی غلطی معاف ہوجائے ، لیکن اگر خدانخواستہ بیوی سے گناہ ہوجائے تو کسی قیمت پر اسے رکھنے کو تیار نہیں ۔مرد کی نظر میں عورت کی ہر غلطی معاف ہونے کے قابل ہے لیکن اگر اس کا کردار بگڑ گیا تو پھر وہ مرد کی نظر میں رکھنے کے قابل نہیں ہوگی۔
اسی طرح مرد چاہتا ہے کہ عورت عقل ‘ سمجھ میں مجھے افضل سمجھے‘ بھلے اس کی بیوی زیادہ سمجھدار ہو ،مگر مرد کی تمنا یہ ہوتی ہے کہ میرے ہی فیصلے کو مانا جائے ‘ میری ہی رائے لی جائے ‘ جو میں کہہ رہا ہوں بس اسی کو سنا جائے ۔
دوسرا وہ یہ چاہتا ہے کہ مجھے بیوی کا چہرہ ہمیشہ ہنستا مسکراتا نظر آئے ‘ مرد جب باہر اپنے کام کاج میں مصروف ہوتا ہے تواس کو بہت سارے تفکرات ہوتے ہیں ،لین دین کے‘ لوگوں کے ساتھ میل ملاقات کے‘ لیکن جب وہ تھکا تھکایا پریشانیوں کو حل کرتا ہوا گھر واپس آتاہے تو اگر وہاں بھی اس کو باسی چہرہ نظر آئے تو اس کا دل ٹوٹتا ہے ‘ یا عورت اگر سامنے سے میلا منہ لیکر بیٹھی ہو تو مرد کی پھر اس کی طرف توجہ ہی نہیں ہوتی ‘ اور اگر عورت پریشانیوں کا رونا رونا شروع کردے تو وہ بیچارہ تو سکون کی تلاش میں یہاں آیاتھا ۔ لیکن راحت کے مقام سے ملنے والی بے سکونی ‘ اس کی تکالیف اور پریشانیوں کو دو بھر کردیتی ہے۔
جب مرد کی عمر زیادہ ہو جاتی ہے تو اس وقت اس کی چاہت یہ ہوتی ہے کہ عورت میرے اوپر اعتماد کرے… بد گمانی نہ ہونے دے…بد اعتمادی نہ پیدا کرے…اور بیو ی میرے سامنے جھوٹ نہ بولے۔