مومن خوف کا مقابلہ کیسے کرتاہے؟ Momin Khouf Ka Muqabala Kaise Karta Hai

 مومن خوف کا مقابلہ کیسے کرتاہے؟

جب مومن کو اسباب خوف لاحق ہوتے ہیں، بے چینیاں اور قلق اسے آگھیرتے ہیں تو وہ صحت ایمانی کے ساتھ ثابت قدم رہتاہے ۔ اس کا نفس برابر مطمئن رہتاہے، فکروعمل کے ذریعے وہ اسے دور کرنے کی تدبیر کرتاہے ۔ بالآخر اس کا نفس اس قلق و اضطراب سے مانوس ہوجاتاہے۔ مصائب پر اس کا نفسی ہیجان رفتہ رفتہ ختم ہوجاتاہے اور یہی خوف جو پہلے خوف تھا اب اس کی راحت اور دلی سکون کا باعث ہے۔

جبکہ نور ایمان سے محروم کے ساتھ اگر یہی عوارض پیش آجائیں تو اس کا ضمیر قلق کا شکار ہوجاتاہے ‘اعصاب بگڑ جاتے ہیں ، افکار بکھر جاتے ہیں ، خوف اور رعب اس کے نفس پر غلبہ پالیتے ہیں ،باہر سے خوف اور اندر سے قلق کا اجتماع اس کے معاملے کو بگاڑ دیتاہے۔

آپ حیران ہوں گی کہ شجاعت و بہادری کے اسباب اختیار کرنے میں مومن اور کافر یکساں ہیں لیکن ان میں یہ تفریق کیسی؟

یاد رکھئے!مومن اپنی قوت ایمانی ،صبر،توکل علی اللہ اور استعانت باللہ اور امیدِ ثواب جیسے اسباب اختیار کر کے اپنی شجاعت کو دوگنا سے چار گنا کر رہا ہوتاہے۔ خوف اور قلق اسے زچ کرنے کی بجائے خود مرعوب ہورہے ہوتے ہیں ، مصائب اور تکالیف اس کے لئے سہل بنتی جاتی ہیں‘ ارشاد باری تعالی ہے:

{اِنْ تَکُوْنُوْا تَأْلَمُوْنَ فَاِنَّھُمْ یَأْلَمُوْنَ کَمَا تَأْلَمُوْنَ وَتَرْجُوْنَ مِنَ اللّٰہِ مَالَا یَرْجُوْنَ}

(النساء:104)

Previous Post Next Post