حضرتﷺ کے ذکر سے اطمینان قلب :
قولہ : مطمئن ہوتے ہیں دل ذکر شہ لولاہ سے : امام سیوطیؒ نے درمنثور میں آیۃ شریفہ {الا بذکر اﷲ تطمئن القلوب }کی تفسیر میں نقل کیا ہے : اخرج ابن ابی شیبۃ و ابن جریر و ابن المنذر و ابن ابی حاتم و ابوالشیخ عن مجاہد { الابذکر اﷲ تطمئن القلوب } قال بمحمدﷺ و اصحابہ ۔
ترجمہ : یعنے مجاہد کہتے ہیں کہ حق تعالیٰ خود فرماتا ہے کہ ( آگاہ رہو کہ اللہ کے ذکر سے دل مطمئن ہوتے ہیں ) مراد اس سے محمد صلی اللہ علیہ و سلم کا اور صحابہ کا ذکر ہے ۔
فائدہ : مجاہدؒ نے بذکر اﷲ کی تفسیر میں بمحمد ﷺ واصحابہ جو کہا ہے ہر چند ظاہر آیۃ شریفہ کے مناسب نہیں معلوم ہوتا مگر چونکہ ایسے محدث جلیل القدر نے تفیسر کی ہے ، اس کو بحسن ظن مان لینا
چاہئے کیونکہ ان حضرات کو جب تک کسی معنی کا یقین نہیں ہوتا تفسیر بالرائے نہیں کرتے ۔
چنانچہ امام ترمذیؒ نے اپنی جامع کے ابواب تفسیر قرآن میں اس کی تصریح کی ہے ، کما قال : واماالذی روی عن مجاہد وقتادۃ وغیرھمامن اہل العلم انہم فسرواالقرآن فلیس الظن بہم انہم قالوا فی القرآن بغیر علم اومن قبل انفسہم و قدروی عنہم مایدل علی ماقلنا انہم لم یقولوامن قبل انفسہم بغیر علم ۔
اہل انصاف ضرور یہاں غور فرمائیں گے کہ امام ترمذیؒ باوجود تجربہ علم و علو شان کے متقد مین کی نسبت کس درجہ کا حسن ظن رکھتے تھے کہ باوجود یکہ تفسیر قرآن کے لئے کمال درجہ کی احتیاط چاہئے تاہم ان کی تفسیر مجرد کو یہ نہ کہا کہ ایسے اقوال بلا استدلال حدیث قابل اعتبار نہیں بلکہ حسن ظن ظاہرکیاکہ ان حضرات کو ضرور احادیث پہونچی ہوں گی گو ہمیں معلوم نہ ہوں ، جب اس درجہ کے علماء ایسے مواقع احتیاط میں اقوال متقد مین کو صرف بحسن ظن مان لیں تو ہم لوگوں کو متقد مین کی نسبت کس قدر حسن ظن چاہئے کہ نہ ہمیں ویسا علم ہے نہ ویسا فہم ۔ افسوس ہے ان لوگوں سے کہ جن کو عبارت پڑھنے کا بھی حوصلہ نہیں ، ائمہ مجتہدین پر اعتراض کرتے ہیں !! اور اگر بالفرض چند کتب حدیث پڑھ بھی لیں تو کیاکہیں امام ترمذی ہوسکتے ہیں ؟ حاشاوکلا ۔ ترمذیؒ وہ شخص ہیں کہ جن کی جلالت شان و تبحر علم و کمال قوت حافظہ پر ایک عالم گواہی دے رہا ہے ۔سچ ہے عالی ظرفوں کی بات ہی کچھ اور ہوا کرتی ہے ، مثل مشہور ہے : ’’جیسا آدمی ویسی بات ‘‘حضرت علیؓ فرماتے ہیں دولۃالارذال آفۃ الرجال۔
( ۴ )
ذکر نام پاک سے نار جہنم سرد ہو
اور سمی حضرتؐ کا دوزخ میں نہ جائے مومنو
بوالبشرؑ نے کی وصیت وقت آخر شیثؑ کو
کہ قرین ذکر حق ذکر محمد کیجئیو
وحشت آدم کی گئی نام شہ لولاکؐ سے
مردے زندہ ہوگئے تاثیر نام پاک سے