آ پ کا شوہر ‘ آپ کی ساس کا بیٹا ہے:
ساس بہو کے جھگڑے میں بہو عموماً یہ بات بھول جاتی ہے کہ بہو کا شوہر ‘ اس کی ساس کا بیٹا ‘اس کو اس کی کوکھ سے جنم ملا ہے‘ اس لئے ظاہر ہے کہ اس کے دل میں اپنے بیٹے کی محبت ہو گی ۔چنانچہ یہ محبت کبھی بھی محبوب کو نقصان پہنچانے کے لئے اکسائے گی ؟
اگر ساس بہو کو کوئی تاکید کرے گی یا بیٹے کے کسی معاملے میں دخل دے گی تو آپ کا کیا خیال ہے کہ وہ ایسا اپنے بیٹے کو نقصان پہنچانے کے لئے کر رہی ہے ؟… ہر گز ایسا نہیں ہے ! …
بہت سے گھرانوں میںساس بہو کی چپقلش کی وجہ یہی ہوتی ہے کہ جب ایک بار ساس کی نیت پر حملہ کردیا جاتا ہے تو وہ برا فروختہ ہوجاتی ہے اور بہو کے خلاف محاذ قائم کرلیتی ہے ۔ہر روز ایک طوفان اٹھ کھڑا ہوتا ہے ‘ذرا سی بد گمانی کا اثر یہ ہوتا ہے کہ ساس آپ کو ہمیشہ زک پہنچانے کے لئے کوشاں رہتی ہے ۔
بہو اپنے شوہر سے ساس کی چغلی کھاتی ہے اور ساس اپنے بیٹے سے‘ بہو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے کوشاں رہتی ہے اور ساس اپنے آپ کو بے قصور ثابت کرنا چاہتی ہے ۔بات اگر صرف اتنی ہی ہوتی تو اچھا تھا مگر وہاں تو اپنی مدافعت کے لئے دوسرے کو شدید مجرم ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور یہ بات بھلا دی جاتی ہے کہ جانبین سے چغلی کھانے کا جو مقصد ہے وہ کس قدر گھٹیا ہے!
ہم نے تو جس قدر بھی غور کیا ہماری سمجھ میں یہی آیا ہے کہ چغل خور اپنی ہمدردی‘ خیر خواہی جتانے اور دوسرے کو ذلیل کرنے کے لئے یہ حرکت کرتا ہے اور خود اسی میں مبتلا ہوجاتاہے۔
یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہئے کہ چغل خوری صرف آخرت ہی میں خسارے کا باعث نہیں ہوتی ‘بلکہ دنیا میں بھی اس کا برا بدلہ ملنا شروع ہوجاتا ہے ‘چغلی کھانے سے کبھی چین سکون نہیں نصیب ہوسکتا‘ آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی راہ سے کانٹا نکل جائے ‘لیکن وہ کانٹا تو پھول بن جاتاہے اور آپ کانٹا بن جاتی ہیں۔