گھر کی صفائی ستھرائی: Ghar Ki Saaf Safai

 گھر کی صفائی ستھرائی:

صفائی ستھرائی گھر کے لیے اہم چیز ہے۔ گھر میں صفائی ہو تو جہاں اہل خانہ ہشاش بشاش رہتے ہیں وہیں دیکھنے والے کو بھی سلیقے کا علم ہوتا ہے۔

گھر میں کوئی گوشہ خالی کر لیجیے وہاں ضرورت سے زائد سامان اور پرانی اشیاء رکھیے۔ باقی ضرورت کی اشیاء کو سلیقے سے لگا دیجیے۔ کمرے میں اتنی اشیاء رکھیے کہ گھر خالی خالی لگے۔ ہر چیز ٹھونسنے کی بجائے عمدہ اور مناسب اشیاء سلیقے سے لگا دیجیے۔

تخت یا پلنگ پر اگر چادر بچھانی ہو تو خالی چادر نہ بچھایئے، اس کے نیچے کوئی دری یا اس جیسی کوئی چیز بچھا دیجئے تاکہ بیٹھنے اٹھنے سے چادر خراب نہ ہو۔

کمرے میں اُگالدان ضرور رکھیے۔ زمین پر تھوکنے سے غلاظت اور بیماری پیدا ہوتی ہے۔ دیکھنے والے کی طبیعت خراب ہوتی ہے۔ کسی  کونے میں مناسب انداز میں کوئی کاغذی پھول وغیرہ بھی ضرور رکھیے‘ یہ کمرے کے حسن کو دوبالا کردیں گے۔

کپڑوں والے صندوق اس کمرے میں رکھیے جہاں مہمانوں کی آمدورفت نہ ہو۔ ان صندوقوں میں کھانے‘ پینے کی کوئی چیز نہ رکھیے۔ موقع بہ موقع انہیں دیکھتے رہیے کہیں ایسا نہ ہو کہ کپڑوں کو کیڑا لگ جائے۔

گھر میں جو چیز بے موقع نظر آئے اسے سٹور میں پہنچا دیجئے‘ دو وقت جھاڑو لگایئے‘ صفائی اس قدر رکھیے کہ ہر جگہ نماز پڑھی جا سکے۔ مہمان خانے میں اگر کوئی دری یا قالین کا ٹکڑا بچھا کر گاؤ تکیے لگا دیئے جائیں تو مہمانوں کو سکون سے بیٹھنے میں مدد ملے گی۔

قدرتی مناظر کی تصاویر کو مناسب انداز میں خوبصورت فریم میں لگا کر ہر کمرے میں کم از کم ایک فریم ضرور لگایئے۔ اتنی زیادہ بھی نہ لگایئے کے دیکھنے والے کو کوفت ہو۔ اور کمرہ کم، فریموں کی دکان زیادہ لگنے لگے۔

دیواروں پر ہلکے رنگ کا رنگ کروایئے‘ روشنی کا انتظام ایسا کیجیے کہ جو دیواروں کے رنگ کے مناسب اور دھیما دھیما ہو۔ تیز روشنی آنکھوں کو چبھتی ہے۔

Post a Comment

Previous Post Next Post