نصیحتیں دلہن کے لیے Naseehaten Dulhan Ke Liye

نصیحتیں دلہن کے لیے 

اسلام کے زمانہ ابتدائی سے یہ بات چلی آرہی ہے کہ لوگ شادی سے قبل خاتون کو کسی عالم خاتون کے پاس لے جاتے اور اس سے نصائح کرواتے تاکہ عورت جو اپنی نئی زندگی میں قدم رکھ رہی ہے۔ سلامتی کے ساتھ اس راہ پر گامزن رہے۔ 

حضرت ام حمید فرماتی ہیں:

اہل مدینہ کی خواتین جب کسی لڑکی کو اس کے خاوند کے پاس بھیجنے لگتیں تو اسے لے کر حضرت عائشہؓ کے پاس آتیں۔ حضرت عائشہ ؓ  اپناہاتھ اس کے سر پر رکھ کر دعاء دیتیں اور پھر اسے نصائح کرتیں اور خاوند کے حقوق سے متعارف کراتیں۔ (اخرج ابن ابی شیبہ)

حضرت جعدہ بن بصیرہ کی کسی بیٹی کی جب شادی کا وقت آتا تو آپ اسے تنہائی میں لے جاتے اور اسے کہتے کہ!

’’بیٹی! تم جس نئی زندگی میں قدم رکھ رہی ہو وہاں پر قدم پھونک کر رکھنا‘ برے اخلاق سے کنارہ کش رہنا۔ اچھے اخلاق اور اچھے افعال اپنائے رکھنا‘‘۔ (رواہ ابن ابی شیبہ)

ذیل میں ہم حکمائے امت کی چیدہ چیدہ نصیحتوں کو ذکر کرتے ہیں۔

حضرت عمرؓ کے پر حکمت اقوال:

حضرت سعید بن مسیبؒ فرماتے ہیں کہ حضرت عمرؓ نے لوگوں کے  لئے اٹھارہ کلمات وضع کئے جو سب کے سب حکمت سے پُر تھے ۔

آپ نے فرمایا :

{1}جو شخص تمہارے بارے میں اللہ تعالی کی نافرمانی کرے تم اس کا بدلہ اس کے بارے میں اللہ تعالی کی فرمانبرداری کرنے کے جیسا اور کچھ ادا نہیں کرسکتے ، یعنی برائے کا بدلہ اچھائی سے دو ۔

{2}اپنے بھائی کے معاملے کی اچھی توجیح کرو جب تک کہ اس کی صورت ممکن ہو یعنی حسن ظن رکھو ۔

{3}مسلمان کی زبان سے نکلی ہوئی بات کو شر مت گمان کرو، جب تک کہ تم اس کی بات کا کوئی اچھا مطلب بھی لے سکتے ہو ۔

{4}جو شخص خود کو تہمت کے لئے پیش کردے تو وہ برا گمان کرنے والوں کو ملامت نہ کرے۔

{5}جو شخص اپنا راز چھپائے رکھتا ہے اختیار اسی کے ہاتھ میں رہتاہے۔

{6}تمہیں چاہئے کہ ہمیشہ سچے دوست کے ساتھ رہو ‘کیونکہ وہ خوش حالی کے زمانے میں زینت کا باعث ہوتاہے اور مصیبت میں زاد راہ ثابت ہوتا ہے۔

{7}ہمیشہ سچ بولو ‘چاہے سچ تمہیں قتل کردے ۔

{8}لا یعنی باتوں سے گریز کرو یعنی ان کے پیچھے مت پڑو۔

{9}جو بات ہوئی ہی نہیں اس کے بارے میں مت پوچھو، کیونکہ یہ بات تمہیں ہونے والی بات سے غافل کردے گی۔

{10}ایسے شخص سے اپنی ضرورت کا سوال مت کرو جو اس مصیبت سے تمہاری نجات نہیں چاہتا۔

{11}گنہگار آدمی کے ساتھ مت رہو ،کیونکہ وہ تمہیں گناہ سکھا دے گا۔

{12}اپنے دشمن سے دور رہو ۔

{13}امانت دار دوست کے علاوہ ہر دوست سے ہوشیار رہو۔

{14}امین وہ ہے جو اللہ سے ڈرتا ہو۔

{15}بات کرتے وقت خشوع اختیار کرو ۔

{16}نیکی کرتے وقت عاجزی اختیار کرو۔

{17}گناہ کے وقت ایمان کو مضبوطی سے تھامے رکھو ۔

{18}اپنے معاملے میں اللہ تعالی سے ڈرنے والوں سے مشورہ کرو،کیونکہ اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ صرف علماء ہی اللہ تعالی سے ڈرتے ہیں۔ 

Previous Post Next Post