از علامہ منیر احمد یوسفی
مرشد ِکامل علی بن عثمان گنج بخش ہجویری جلابی
اِمامِ طریقت‘ رہبرِ شریعت‘ علومِ ظاہروباطن کے مرشد ِکامل علی بن عثمان گنج بخش ہجویری جلابی عظیم المرتبت اولیاء میں سے ہیں۔ آپ کی کنیت ابوالحسن ہے اور حضرت داتاگنج بخش کے نام سے مشہور ومعروف ِزمانہ ہیں ۔ حضرت داتا صاحب قدس سرہُ العزیز کا سالِ ولادت قدیم کتابوں میں نہیں ملتا۔ البتہ اَندازہ سے کہا جاسکتا ہے کہ آپ کی پیدائش پانچویں صدی کے شروع میں ہوئی ہوگی اور بعض نے سال پیدائش ۴۰۰ھ بمطابق۱۰۰۹ئکے لگ بھگ لکھا ہے آپ حسنی سادات کے چشم و چراغ ہیں۔ آپ کا شجرئہ نسب مخدوم علی بن عثمان بن سیّد علی بن عبدالرحمان بن سیّد عبداللہ (شجاع شاہ) بن ابوالحسن علی بن حسین اصغر بن سیّد زید شہید بن حضرت سیّدنا امام حسن بن حضرت علی ؓ پر مکمل ہوتا ہے ۔آپ کا خاندان ایک علمی خاندان سمجھا جاتا تھا جو افغانستان کے شہر غزنی کے دو محلوں ہجویر اور جلاب میں آباد تھا۔ اِس لئے آپ علی بن عثمان بن علی الجلابی الہجویری ‘غزنوی کہلاتے ہیں ۔
آپ نے اِبتدائی تعلیم وتربیت اپنے خاندانی بزرگوں سے غزنی میں حاصل کی۔ اِس کے بعد علومِ ظاہر وباطن کی تکمیل کیلئے اورزمین کی سیروسیاحت کیلئے نکل کھڑے ہوئے اور ماور النہر‘ آذر بایئجان‘فرغانہ ‘خراسان ‘مرو وغیرہ بلاد اِسلامیہ میں تشریف لے گئے۔جہاں اپنے زمانے کے اَربابِ فضل وکمال اور وقت کے چوٹی کے مشائخ کرام سے علمی اِستفادہ کرتے رہے۔ آپ کے اَساتذہ میں حضرت ابوالقاسم، عبدالکریم بن ہوازن، ابوالعباس ،احمدبن محمد القصاب ‘شیخ ابوسعید ابوالخیر نہایت نامور ہستیاں ہیں۔ صرف ملک خراسان میں آپ نے تین سو(۳۰۰) اَساتذہ سے علم حاصل کیا ۔
آپ قطبِ وقت حضرت ابو الفضل محمد بن الحسن الختلی الحنبلی ؒ کی داستانیں سنا کرتے تھے۔ آتشِ شوقِ دیدار آپ تک لے چلی ۔شیخِ کامل کی خدمت میںحاضر ہوئے‘ حضرت شیخ ختلیؒ کی نگاہ آپ پرپڑی تو اَنوار وتجلیات برسنے لگے۔ سلسلہ ٔجنیدیہ میں حضرت شیخ ابو الفضل محمد بن الحسن الختلی جنیدی (۴۶۰ھ ) سے بیعت ہونے کے بعد پیری مریدی کا یہ رشتہ اِتنا محکم ہوگیا کہ ہمہ وقت آپ کی خدمت میں حاضر رہتے ۔ جب اِکتسابِ معرفت کی بلندی پر پرواز کرنے لگے تومرشد نے آپ کو ہندوستان جانے کا حکم صادر فرمایا ۔
جہاں پر اَب آپ کا مزار مقدس ہے وہاں ایک مسجد بنا کر پیر روشن ضمیر کے اِرشاد کے مطابق لاہور میں رشد وہدایت کا سلسلہ شروع کیا دِن کو طالب ِعلموں کی تدریس اور رات کو طالبانِ حق کی تلقین ہوتی۔آپ کے ہاتھوں ہزاروں جاہل عالم بنے ، ہزاروں کافر مسلمان‘ ہزاروں گمراہ رہبر، اور ہزاروں فاسق نیکو کاربنے۔ غرضیکہ آپ کی لاہور میں تشریف آوری لوگوں کیلئے سکونِ قلب اور اِطمینانِ خاطر کا باعث بنی۔ آپ کی رُوحانی اور اَخلاقی شخصیت کا اِس قدر اَثر کار فرما تھا کہ سب سے پہلے جوشخص اُن کے حلقہ بگوشوں میں شامل ہوا وہ پنجاب کا نائب حاکم رائے راجو تھا جو بعد میں شیخ ہندی ؒ کے نام سے مشہور ہوا، مزار شریف کے خدمت گزاراور مجاور اِسی شیخ ہندی کی اَولاد سے تھے۔ تمام زمانے نے اِن کی غلامی کو اپنا فخر تصور کیا۔ دُور دُورسے مشائخِ عظام‘ حضرت داتا گنج بخشؒ کی خدمت میں آکر بہرہ یاب ہوئے۔ آپ نے قیامِ لاہور کے دوران ہزاروں بُت پرست کفّار کو مسلمان کیا۔ ایک اِلٰہ خدائے وحدہٗ لا شریک کیلئے سجدہ ریز ہونے کی طرف مائل کیا۔
خلقِ خدا کو فیض یاب کرنے کے بعد ۴۶۵ھبمطابق ۱۰۷۳ئ کو پیمانۂ عمر لبریز ہوا اور بفوائے کُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَۃُ الْمَوْتِ اپنی جان مبارک ۶۵ سال کی عمر میں جانِ آفرین کے سپرد فرمائی اور اپنی مسجد اور دَرسگاہ کے قریب دفن ہوئے ۔اِس کے بعدسے آج برصغیر پاک و ہند کے کونے کونے سے حاضری دینے والے حاجت مند فیوض وبرکات سے اپنا دامن بھر کر لوٹتے ہیں۔آپ کا مزارِ مبارک ہمیشہ مرجع ٔخلائق رہے گا۔ سلاطینِ اِسلام میں سے پہلا بادشاہ سلطان مسعود بن سلطان ابراہیم ۵۷۶ھ میں جب واردِ ہند ہوا اس نے پہلے آپ کے مزارِ مبارک کی زیارت کی سعادت حاصل کی اور مقبرہ تعمیر کیا۔ سلطان ابراہیم غزنوی ؒ سے لیکراکبر‘جہانگیر ‘شاہجہان اوردارالشکوہ تک سب کے سب یہاں حاضری دیتے رہے اور اِس وقت تک جو بھی حاکمِ وقت ہواہے اِس دربار ِمقدس کی حاضری سے ضرور مستفیض ہوتا ہے اور نذرانۂ عقیدت پیش کرتا ہے۔ آستانہ پر حاضر ہونے والوں میں ایک طرف جہاں دُنیا کے زبر دست تاجدار ہیں۔ وہاں دوسری طرف بڑے بڑے فقراء اور جلیل القدر بزرگ بھی ہیں۔ صوفیاء کرام میں سے سب سے پہلے جس نے آپ کے مزار پُر اَنوار کی زیارت کی اور جوارِ قدس پر ۵۸۰ء میںپاؤں کی جانب میں چلہ واِعتکاف کیا‘ وہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ ہیں ۔اور بعد حصولِ مراد اور وقتِ رُخصت آپ کی شانِ اَقدس میں روضہ کی طرف رخ کر کے یہ شعر فرمایا :۔
گنج بخش فیضِ عالم مظہرِ نورِ خدا
ناقصاں را پیرِ کامل کاملاں را رہنما
اِن کے بعد ۶۰۰ھ میں سلطان الزاہدین حضرت بابا فرید الدین گنج شکر ؒ حاضرِ بار گاہ ہوئے اور اِکتسابِ فیض فرمایا اور حضرت لال حسین لاہوری نے بھی فیض حاصل کیا۔ علیٰ ہذالقیاس‘ تمام بزرگانِ اقلیم ہند جس قدر ہوئے ہیں‘ سب نے آستانہ بوسی کی ہے۔ شہزادہ دارالشکوہ قادری ؒ فرماتے ہیںکہ چالیس جمعرات یا چالیس دن کامل کوئی پیہم اُن کے دربار پُر اَنوار پر حاضری دے‘ اللہ سبحانہٗ وتعالیٰ سے جو مانگے سو پائے۔ اَب بھی ہرجمعرات کو معتقدینِ شہرِ لاہور اور ملک کے تمام صوبوں سے لوگ حاضر ہو کر تمام رات بیدار رہتے ہیں۔ شام سے لے کر صبح تک دُرود شریف ونعت شریف کا ذکر ہوتا ہے اور میلادشریف کی مجالس منعقد ہوتی ہیں۔ ہر سال ۱۹۔۲۰ صفر المظفر کی تاریخیں عُرس پاک کیلئے مقرر ہیں۔
آپ کی کئی تصانیف ہیں‘ جن میں سے کشف المحجوب زیادہ مشہور ہے یہ تصنیف در حقیقت کامل رہنما ہے اور کتبِ تصوف میں مرشد ِکامل ہے آپ کی تعلیمات اور اِرشادات طالبانِ راہِ حق کے لئے مرشدِ طریقت کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آپ نے اپنی حیات ِمبارکہ میں برصغیر پاک وہند میں اِسلام کا جھنڈا لہرایا۔حضرت داتا گنج بخش ؒ نیاپنی تعلیمات میں بے شمار حجابات کو کھولا ہے۔کتاب کے شروع میں آپ نے علم کی اہمیت کو خوب بیان کیا ہے اور نماز، جسے عبادات میں مرکزی اَہمیت حاصل ہے‘اُسے بھی بڑے حسین پیرائے میں بیان کیا گیا ہے۔ جس کے بغیر کلمہ گواِنسان صحیح مسلمان نہیں بن سکتا۔
فرماتے ہیں کہ:علم دو قسموں کا ہے۔ ایک’’ علمِ اِلٰہی‘‘ دوسرا’’علمِ مخلوق‘‘۔ بندہ کا علم، علمِ الٰہی کے مقابلے میںلَاْشْیْئٍ محض ہو تا ہے۔کیونکہ علمِ الٰہی اللہ تبارک وتعالیٰ جلَّ مجدہُ الکریم کی صفت ِ قدیم ہے جو اُس کی ذات کے ساتھ قائم ہے اور اُس کی صفتوں کیلئے اِنتہا نہیں۔جبکہ ہمارا علم ہماری صفت ہے جو ہمارے ساتھ قائم ہے اور ہمارے اَوصاف متناہی ہیں۔ ’’علم ‘‘کی تعریف: معلوم چیز کا اِحاطہ کرنا اور اُس کو بیان کرنا ہے اور علم کی نہایت عمدہ تعریف یہ ہے کہ: ’’علم ایک صفت ہے جس سے جاہل عالِم ہو جاتا ہے ‘‘۔پس تھوڑے سے علم کی مدد سے بہت سا عمل کرنا چاہئے اور ضروری ہے کہ علم کے ساتھ عمل بھی ہو ۔ کیونکہ رسول اللہ ؐ فرماتے ہیں: ’’ــعابد علمِ دین کے جانے بغیر خراس کے گدھے جیسا ہے کہ وہ کتنا ہی گھومے اپنے پہلے ہی قدم پر رہتاہے اور آگے راستہ طے نہیں کر سکتا‘‘۔
فرماتے ہیں ’’ میں نے عوام النّاس کا ایک گروہ دیکھا ہے جوعلم کو عمل پر فضیلت دیتا ہے اور دوسرا گروہ عمل کو علم پر لیکن یہ عمل نہیں سمجھا جاتا ۔ بلکہ عمل اُس وقت ہوتا ہے، جب علم اُس کے ساتھ شامل ہو‘‘۔ چنانچہ ایک واقعہ تحریرفرماتے ہیں:
’’حضرت ابراہیم بن ادہم ؒ نے راستہ میں ایک پتھر دیکھا اُس پر لکھا ہوا تھا مجھے اُلٹ کر پڑھو۔ پس اُنہوں نے اُس کو پلٹا اُس پر لکھا ہو اتھا۔ ’’ تو جانی ہو ئی چیز پر تو عمل نہیں کرتا۔ پس کیسے اُس چیزکو تلاش کرتا ہے جس کو تونہیں جانتا؟‘‘حضرت حاتم اصمؒنے فرمایا کہ میں نے چار علوم اِختیار کئے ہیں ۔ لوگوںنے پوچھا ! وہ کون سے چار علوم ہیں ؟ فرمایا: (۱)میں نے جان لیا کہ میرا رزق مقدّر ہو چکا ہے اِ س لئے لالچ نہیں کرتا، محنت کرتا ہوں۔(۲)میں نے یہ جان لیاکہ اللہ تبارک وتعالیٰ معبودِ برحق کا مجھ پر حقِ بندگی ہے جس کو سوائے میرے اور کوئی اَدا نہیں کر سکتا۔ (۳)میں نے یہ جان لیا کہ میرا ایک تلاش کرنے والا ہے۔ (یعنی ملک الموت) کہ میں اُس سے بھاگ نہیں سکتااِ س لئے میں نے اُس کا سامان کر لیا ہے۔ (یعنی نیک کام کرتا ہوں) (۴)میں نے یہ جان لیا ہے کہ میرا ایک مالک ہے جو میرے اَحوال سے واقف ہے اِس لئے میں نے اُس سے شرم کی ہے اور نا کردنی کاموں سے ہاتھ اُٹھا لیا ہے اور جب اِنسان یہ جانتا ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ جَلَّ مجدہُ الکریم اُس کو دیکھ رہا ہے۔تو وہ کو ئی اَیساکام نہیں کرتا جس سے اُس کو اللہ تبارک وتعالیٰ جَلَّ مجدہُ الکریم کے سامنے قیامت کے روز شرمسار ہوناپڑے۔( اگر کوئی یہ چار علوم حاصل کر لے تو وہ سلوک کی منزلوںکو آسانی سے طے کر سکتاہے)۔ فرماتے ہیں: حضرت بوعلی ثقفی رحمہ اللہ تعالیٰ نے لکھا ہے۔
علم جہالت کی موت ہے۔ دِل کا زندہ ہونا اور کفر کی تاریکی سے اِیمان کی آنکھ کا روشن ہو نا ہے۔جس شخص کو معرفتِ الٰہی کا علم نہیں اُس کا دِل جہالت کی بیماری میں مبتلا ہے۔ اہلِ غفلت کا دِل بیمار ہے کہ وہ اُس کے اَحکام (اَوامر و نواہی)سے بے خبر ہیں‘‘۔
فرماتے ہیں:شیخ المشائخ حضرت یحییٰ بن معاذ رازی رحمہ اللہ تعالیٰ نے کیا ہی اَچھا فرمایا ہے کہ ’’ تین اَقسام کے لوگوں کی محفل سے پرہیز کرو‘‘۔(۱)غافل علمائ۔(۲)خوشامدی فقرائ۔ اور(۳)جاہل صوفیائ۔
فرماتے ہیں : حضرت با یزید بسطامی رحمہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : ’’ میں نے تیس سال کا مجاہدہ کیا مگر میں نے علم اور اِس کے مطابق عمل کرنے سے اور کسی چیز کو اپنے لئے مشکل نہیں پایا‘‘۔
(۱)آگ پر قدم رکھنا ، طبیعت کیلئے علم کے مطابق چلنے سے زیادہ آسان ہے۔(۲)پل صراط پر ہزار بار گزرنا جاہل کے نزدیک علم کاایک مسئلہ سیکھنے سے زیادہ آسان ہے۔ (۳)فاسق کیلئے دوزخ میں رہنا علم کے ایک مسئلہ پر عمل کرنے سے زیادہ آسان ہے۔فرماتے ہیں۔ پس تیرے لئے علم سیکھنا اور اِس میں کمال حاصل کرنا لازم ہے۔
نماز ایک مخصوص عبادت ہے جو روزانہ چند مخصوص اَحکام کے ساتھ اَدا کی جاتی ہے اور اللہ جلَّ جلا لہٗ کا حکم ہے پانچ وقتوں میں نمازیں ادا کرو۔
حدیث شریف میں ہے۔’’حضور نبی کریم رؤف ورحیم ﷺنماز پڑھا کرتے تھے تو آپ ﷺکے قلبِ منور میں اَیسا جوش ہوتا تھا جیسا کہ کانسی کی دیگ میں‘ جس کے نیچے آگ جلتی ہو‘‘۔
امیر المؤمنین حضرت سیّدنا علی کرم اللہ وجہہ الکریم نماز کا قصد کیا کرتے تو آپ صکے بدن کے بال کھڑے ہو جاتے اور کپڑے سے باہر سرنکال دیتے اور آپ ص پر کپکپی طاری ہو جاتی اور فرماتے کہ اُس اَمانت کے اَدا کرنے کا وقت آگیا ہے جس کے اُٹھانے سے آسمان اور زمین عاجز آگئے تھے۔
ایک بزرگ فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت حاتم اصم رحمہ اللہ تعالیٰ سے پوچھا۔ آپ نماز کس طرح اَدا کرتے ہیں؟ تو آپ نے فرمایا: کہ جب نماز کا وقت آجاتا ہے تو ایک وضو ظاہر کا کرتا ہوں اور ایک باطن کا ۔ ظاہری وضو پانی سے کرتا ہوںاور باطنی وضو توبہ سے ۔ پھر مسجد میں داخل ہوتا ہوں اور مسجد بیت الحرام کا مشاہدہ کرتا ہوں۔ مقامِ ابراہیم کو اپنے دو اَبرو کے سامنے رکھتا ہوں، بہشت کو اپنے قدموں کے نیچے رکھتا ہوں اور ملک الموت کو اپنی پیٹھ کے پیچھے خیال کرتا ہوں، پھر نہایت حُرمت کے ساتھ قیام اور بڑی ہیبت کے ساتھ قرأت اور خاکساری کے ساتھ رکوع، عاجزی کے ساتھ سجود اور بڑے حلم و وقار کے ساتھ قعود اور پھر آخر میں شکرِ حق کے ساتھ سلام پھیر تا ہوں اور توفیق قبضۂ قدرت میں ہے۔
یہ جاننا چاہئے کہ نماز ایک اَیسی عبادت ہے کہ طالبانِ حق، اللہ تبارک وتعالیٰ لکی راہ میں اِبتداء سے اِنتہاتک اِسی سے راہِ حق پاتے ہیں اور اِسی میںمشغول ہوتے ہیں۔ اِن کے مقامات عموماً اِس میں کشف ہوتے ہیں۔چنانچہ طہارت طالبانِ حق کے لئے توبہ ہوتی ہے اور قبلہ کی طرف رُخ کرنا پیر کے ساتھ تعلق کے قائم مقام ہے اور قیام کرنا مجاہدئہ ِنفس اور قرأت ذکرِ دوام اور رکوعِ تواضع اور معرفتِ نفس اور تشہد، اُنسِ حق اور سلام دُنیا سے علیحدگی اور مقامات کی پابندی سے نکلنے کے قائم مقام ہے اور یہی وجہ ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ دُنیا کے تمام تعلّقات سے منقطع ہو جاتے تو کمالِ حیرت کے محل میں شوقِ دیدار کے طالب ہوتے اور فقط یادِ حق سے تعلق مضبوط کرتے، پھر فرماتے:اَرِحْنَا یَا بِلَالُ بِالصَّلٰوۃِ ’’اے بلال ص ہمیں نما ز سے خوش کرو‘‘۔یعنی نماز کی اذان دو تاکہ نماز پڑھ کر راحتِ قلب حاصل کریں۔ اور رسول اللہ ﷺنے فرمایا:جُعِلَتْ قُرَّۃُّعَیْنِیْ فِی الصَّلٰوۃِ ’’میری آنکھوں کی ٹھنڈک نماز ہے‘‘۔یعنی مجھے نماز ہی میں سرور اور فرحت حاصل ہوتی ہے۔
حضرت سہل بن عبداللہ تستری رحمہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں: سچے فرمانبردار کی علامت یہ ہے کہ حق تعالیٰ کی طرف سے ایک فرشتہ اُس کے لئے مقرر ہوتا ہے کہ جب نماز کا وقت آئے تو وہ اُس بندہ کو نماز اَدا کرنے پر آمادہ کرے اور اگر وہ شخص سو رہا ہو تو اُسے بیدار کر دے اور یہ علامت حضرت سہل بن عبداللہ تستری رحمہ اللہ تعالیٰ میں ظاہر تھی۔اِ س لئے کہ آپ بوڑھے اور معذور ہو گئے تھے۔ لیکن جب نماز کا وقت آیا تو ٹھیک ٹھاک ہو جاتے اور نماز اَدا کر چکتے تو پھر عاجز اور معذور کھڑے کے کھڑے رہ جاتے۔va