Baba Tajuddin Auliya Biography History Documentary ناگپوری تاج الاولیا تاج الدین

 تذکرةالاولیا (بابا تاج الدین ناگپوری )
 


بابا تاج الدین پیدائش کے وقت سے ہی غیرمعمولی تھے، وہ عام بچوں کی طرح روتے نہیں تھے ۔

 بابا تاج الدین پیدائش کے وقت سے ہی غیرمعمولی تھے، وہ عام بچوں کی طرح روتے نہیں تھے ۔


آپ ؒ کے آبا ؤ اجداد مدینہ سے ہجرت کرکے یہاں آباد ہوئے تھے۔ خاندانی پیشہ سپہ گری تھا چنانچہ آپ ؒ کے خاندان کے بیشتر بزرگ فوج میں شامل ہوئے۔ آپ ؒ کے والد محترم سیدبدرالدین ؒ آپ کی ولادت کے ایک سال بعد رحلت فرماگئے۔ جبکہ والدہ محترمہ حضرت سیدہ بی اماں مریم ؒ صاحبہ بھی آٹھ سال بعد خالق حقیقی سے جاملیں۔

تاج الدین کی پرورش آپ کے نانا حضرت شیخ میراں جو ایسٹ اندیا کمپنی کی فوج میں صوبیدار میجرتھے ، ماموں عبدالرحمٰن اور آپ کی نانی نے کی۔ حضرت تاجِ الاولیاؒنے ابتدا ئی تعلیم کا مٹی کے ایک مدرسے میں حاصل کی۔ آپ ایک روز مکتب میں موجود تھے کہ کا مٹی میں سلسلہ قادریہ کے مشہور مجذو ب بزرگ حضرت عبد اللہ شاہ قادری کا مٹی ؒمکتب میں تشریف لائے اور بابا صاحب ؒ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے معلم سے فرمایا کہ ‘‘ا س کو کیا پڑھا رہے ہو ۔ یہ تو پڑھا پڑھایا آیا ہے ’’….

اتنا کہہ کر عبداللہ شاہ نے اپنی جھولی سے خرما نکال کر نصف خود کھایا اور بچا ہوا تاج الدین کے منہ میں رکھ کر کہا :

‘‘کم کھاؤ، کم سو اور کم بولو اور قرآن شریف پڑھو’’۔

کہتے ہیں کہ خرما کھاتے ہی تاج الدین میں تبدیلی آگئی، اور ان کی اندر کی دنیا ہی بدل گئی، دنیاوی چیزوں میں ان کی دلچسپی بہت کم ہو گئی۔

اس بات کا کوئی سراغ نہیں ملتا کہ بابا تاج الدین نے کسی کے ہاتھ پر بیعت کی تھی۔ پھر بھی دو ہستیاں ایسی ہیں جن سے صرف قر بت اور نسبت کا ذکر ملتا ہے۔ ایک سلسلہ قادریہ کے حضرت عبداللہ شاہ قادری، دوسرے سلسلۂ چشتیہ کے بابا داؤد مکی ۔

حضرت عبداللہ شاہ قادری کا مزار کا مٹی اسٹیشن کے پاس ہے۔ نوجوانی کے زمانے میں بابا تاج الدین حضرت عبداللہ شاہ صاحب کی خد مت میں حاضر ہوتے تھے۔ حضرت عبداللہ شاہ کے سجادہ نشین کی روایت کے مطابق جب حضرت عبداللہ شاہ کے وصال کا وقت قریب آیا تو تاج الدین ان کے پاس آئے۔ اس وقت شر بت بنا کر شاہ صاحب کو پیش کیا گیا۔ انہوں نے چند گھونٹ پی کر باقی تاج الدین کو پلا دیا۔روایت ہے کہ سید تاج الدین نے پندرہ سال کی عمر میں قرآن پڑھ لیا تھا اور اس کے بعد دیگر علوم کی تحصیل کی۔

جب تاج الدین 18 سال کے تھے (سن 1879تا 1880) تب كامٹی میں بہنے والے كنہان دریا میں سیلاب آ گیا۔ سیلاب سے ان کے مکان کو بھی کو کافی نقصان پہنچا۔ سن 1881 میں ان کے ماموں عبدالرحمٰن نے انہیں ناگپور کی ریجمنٹ نمبر 13 میں بھرتی کروادیا۔ فوج میں تین سال ملازمت کے بعد انہیں ساگر (مدھیہ پردیش)جانا پڑا۔
ساگر مدراسی پلٹن کے خیمہ (ملٹری کیمپ ) میں پہنچنے کے بعد دورانِ ملازمت وہیں ایک علاقے پیلی کوٹھی میں سلسلہ چشتیہ کے بزرگ حضرت داؤد مکیؒ کے مزار پر تشریف لے جاتے۔

حضرت دا ؤد مکی ؒ ، خواجہ شمس الدین ترک پانی پتی ؒ کے خلیفہ تھے اور خواجہ شمس الدین ترک ؒ کو مخدوم علاؤ الدین علی احمد صابر کلیری ؒ سے خلافت ملی تھی۔ حضرت داؤد مکی ؒ اپنے مر شد کے حکم پر سا گر آئے اور یہیں وصال فر ما یا۔

جب تاج الدین فوجی ملا ز مت کے سلسلے میں سا گر گئے تو آپ نے بابا داؤد مکی کے مزار پر تقریباً دو سال ریاضت و مر اقبے میں گزارے ۔ روایت کے مطابق یہیں تاج الدین کو چشتیہ نسبت اویسیہ طریقے پرمنتقل ہوئی۔

اب بابا تاج الدین کا روز کا معمول تھا کہ دن میں کام کے بعد پوری رات داؤدمکی ساگری ؒ کے مزارا قدس پر گزارتے اور یادالہٰی میں محو رہتے۔

کامٹی میں جب نانی کو اس بات کی خبر ہوئی کہ نواسہ راتوں کو غائب رہتا ہے تو خیال آیا کہ کہیں کسی بری صحبت میں نہ پڑ گیا ہو۔ یہ سوچ کر نانی صاحبہ ساگر جاپہنچیں تاکہ یہ معلوم کریں کہ نواسہ راتوں کو کہاں رہتا ہے۔ جب انہوں نے دیکھا کہ تاج الدین خدا کی بندگی میں راتیں گزارتا ہے تو نانی کے دل کا بوجھ اتر گیا اور وہ نواسے کو دعائیں دیتی ہوئی واپس چلی گئیں ۔

لیکن رفتہ رفتہ تاج الدین کا وقت داؤد مکی ؒ کی درگاہ پر زیادہ اور ڈیوٹی پر کم رہنے لگا ۔ ایک روز فوج کے کیپٹن کے علم میں یہ بات لائی گئی کہ تاج الدین ڈیوٹی کے اوقات میں پیلی کوٹھی کی درگاہ پر دیکھے گئے ہیں۔ اس کیپٹن نے تاج الدین کو تنبیہہ کی اور کہا کہ پورے وقت ڈیوٹی پر حاضر رہا کریں ، میں نوٹ کروں گا….!

تاج الدین کو ملٹری کیمپ میں اسلحہ خانے پر پہرہ دینے کا کام سونپا گیا ، ایک رات دو بجے کے قریب فوج کا کیپٹن اچانک معائنے کے لیے آگیا۔ اس نے دیکھا کہ تاج الدین مستعدی سے ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ کیپٹن انہیں دیکھ کر مطمئن روانہ ہوگیا۔

آدھے فرلانگ کے فاصلے پر ایک چھوٹی سی مسجد کے پاس سے گزرا ۔ مسجد کا صحن چاندنی رات میں صاف نظر آرہا تھا۔کیپٹن نے دیکھا کہ وہ جس سپاہی کو پہرہ دیتے دیکھ کر آیا ہے۔ وہ خشوع و خضوع کے ساتھ مسجد کے صحن میں نمازادا کررہا ہے۔ سپاہی کو ڈیوٹی سے غفلت برتتے دیکھ کر اسے سخت غصہ آیا اور وہ واپس اسلحہ خانے آیا۔ اس کے قدموں کی چاپ سن کر سپاہی پکارا ‘‘ہالٹ’’۔ انگریز کیپٹن سپاہی کو اپنی جگہ دیکھ کر سخت حیران ہوا اور کچھ کہے بغیر مسجد کا رخ کیا اور وہاں جاکر وہ حیران و ششدر رہ گیا کہ تاج الدینؒ اسی طرح محویت کے عالم میں مصروف عبادت تھے۔ وہ ایک بار پھر اسلحہ خانے تصدیق کے لئے گیا اور وہاں ڈیوٹی دیتے دیکھ کر اس نے قریب آکر غور سے دیکھا کہ یہ وہی شخص ہے یا کوئی اور؟

اس نے تاج الدین ؒ سے بات چیت کرکے اپنی پوری تسلی کرلی کہ ہاں یہ وہی شخص ہے۔

دوسرے دن ایک افسر کے سامنے تاج الدین کی پیشی ہوئی۔ کیپٹن نے رات کے واقعے کی چشم دیدگواہی دی۔ تاج الدین ؒ سے پوچھا گیا کہ تم ڈیوٹی چھوڑ کر عبادت کررہے تھے یا بیک وقت ڈیوٹی بھی ادا کررہے تھے اور عبادت بھی۔ اگر آخری بات سچ ہے تو صاف صاف بتاؤ تم ایک وقت میں دو کام کس طرح انجام دیتے ہو؟ تم جادوگر تو نہیں ہو؟

یہ سننا تھا کہ تاج الدین کو جلال آگیا۔ انہوں نے پیٹی، بندوق ، وردی سمیت تمام سرکاری سامان لاکر انہوں نے افسر کی میز پر رکھ دیا ’’لوجی حضّت! اب ہم دو دو نوکریاں نہیں کرتے جی حضّت‘‘۔

یہ کہہ کر تاج الدین فوراً کمرے سے نکل گئے۔

ناگ پور اور جبل پور شہروں کو ملانے والی شاہراہ کامٹی اور رام ٹیک سے ہوکر گزرتی ہے۔ یہاں سے بہت بڑا پہاڑی سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ اس کے گھنے جنگلوں میں قدم قدم پر خونخوار درندے گھومتے ہیں اور دنیا کے زہریلے ترین سانپ پائے جاتے ہیں۔

ملازمت سے سبکدوشی کے بعد بابا تاج الدین ؒ نے زیادہ تر وقت ناگپور سے متصل واکی کے گھنے جنگلوں میں گزارا ، جہاں قدم قدم پر خونخوار شیر اور جنگلی درندے رہتے تھے اس جنگل کے اژدہے بھی شہرت رکھتے ہیں۔وہاں تاج الدین باباؒ نے کئی برس تک بلا خوف و خطر ریاضت کی۔ کبھی کبھار ریاضت کے بعد آپ ستپڑا پہاڑ کی بلندیوں اور گھنے جنگلوں سے اُتر کر بستیوں میں آجاتے۔ جذب وکیف کا یہ عالم تھا کہ انہیں کھانے پینے اور پہننے اوڑھنے کا احساس بھی نہ رہتا۔ ادھر تاج الدین کے استعفیٰ کی خبر فوج کے ذریعے ان کے گھر بھیجی گئی۔ نانی نے پھر ایک مرتبہ ساگر آکر دیکھا تو تاج الدین گلی کوچوں کی خاک چھانتے نظر آئے۔ نانی کو لگا کہ وہ پاگل ہو گئے ہیں اور وہ انہیں اپنے ساتھ كامٹی لے آئیں۔ كامٹی میں ڈاکٹروں، حکیموں کو دکھایا گیا لیکن کوئی بھی آپ کی حالت سمجھ نہ سکا۔

بابا تاج الدین شہر میں واپس آکر خوش نہیں تھے۔ انہیں جب بھی موقع ملتا پھر اپنے جنگل میں جانکلتے ۔ عام لوگوں نے انہیں پاگل سمجھ لیا ، بستی کے آوارہ لڑکے انہیں چھیڑتے اور تنگ کرتے۔ کوئی آوازیں کستا تو کوئی پتھر مارتا۔ دوسری طرف بہت سے لوگ عقیدت سے ان کے ہاتھ چومتے لیکن تاج الدین باباؒ فنا کی ان منزلوں پر تھے جہاں پتھروں کی مار اور پھولوں کی بارش میں کوئی فرق محسوس نہیں ہوتا ہے۔ بستی میں آپ کادل نہیں لگتا تو آپ جنگلات میں نکل جاتے اور کبھی واپس کامٹی پہنچ جاتے۔

کچھ عرصے بعد آپ کی کرامات کا چرچا ہوا تو لوگ دور دور سے آپ کے پاس اپنا درد لے کر آنے لگے۔ بابا صاحب کی دعاؤں سے لوگوں کے کام ہونے لگے تو سائلین اور عقیدتمندوں کا ہجوم رہنے لگا ایسے میں کچھ لوگوں نے ناجائز فائدہ اُٹھانے کی سوچی تو بابا صاحب نے اعلان کر دیا کہ

‘‘ اب ہم پاگل جھونپڑی جائیں’’۔

حالات کچھ ایسے بنے کہ 26 اگست، 1892 کو كامٹھی کے كینٹونمنٹ اور ضلع مجسٹریٹ نے انہیں پاگل خانے بھیج دیا۔

پاگل خانہ کا سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ما روتی راؤ تھا۔ اس کی پانچ لڑکیاں تھیں، لڑکا کوئی نہیں تھا،اولاد نرینہ کی اسے بہت تمنا تھی۔ ڈاکٹر نے بابا صاحب کی پاگل خانے میں موجودگی کا اپنی بیوی سے ذکر کیا ،اُس کی بیوی کے دل میں خیال آیا کہ میں چل کر حضور بابا صاحبؒ سے عرض کروں۔ اُس نے ایک دن اپنے خاوند سے کہا کہ مجھے باباصاحبؒ کے پاس لے چلو۔ اس کا خاوند چونکہ مذہباً مرہٹہ برہمن تھا،اس لیے اپنی بیوی سے یہ الفاظ سُن کر پہلے تو کچھ ہچکچایا ۔ بعد میں اس نے یہ چاہا کہ کسی طرح بابا صاحب کو اپنے گھر پر بلالے ۔لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوسکا ۔ آخر ایک دن اُس کی بیوی اپنی پانچوں لڑکیوں کے ساتھ باباصاحب کی خدمت میں پہنچ گئی اورعرض کیا کہ :

باباصاحبؒ میرے کوئی لڑکا نہیں ہے ۔ میرے لیے دعاکریں۔

بابا صاحبؒ نے اس کی طرف دیکھا اور فرمایا کہ ‘‘ڈاکٹروں کی دوائیاں تو بہت کھاتے جی ، پن لڑکا نہیں ہوتا۔ ’’

یہ سُن کر وہ بیچاری رونے لگی اور پھر عرض کیا کہ باباصاحبؒ ، لوگوں کی مرادیں پوری ہورہی ہیں، میرے لیے بھی مہربانی فرمائی جائے ۔ آپ نے یہ سُن کر پوچھا :

‘‘لڑکیا ں کتنی جی ؟’’ تو اس نے جواب دیا کہ لڑکیاں تو پانچ ہیں…. بابا صاحب نے فرمایا ۔‘‘ اگر لڑکیاں پانچ ہیں تو لڑکے بھی پانچ ہوجاتے جی….!’’، یہ خوشخبری سن کر ڈاکٹر کی بیوی واپس گھر آگئی۔ خدا کی شان کہ ایک سال بعد اس کے ہاں لڑکا پیدا ہوا۔

ڈاکٹر ماروتی راؤ کی بیوی نے غسل کے بعد لڑکے کو حضور بابا صاحبؒ کے قدموں میں رکھ دیا۔ باباصاحبؒ نے ایک نظر دیکھا اور تبسم کے ساتھ فرمایاکہ ‘‘ابھی تو چار اور آتے جی ! لے جانا ، یہ خوش رہے گا ۔’’

پاگل خانے میں بند کئے جانے کے بعد بھی اکثر بابا تاج الدین شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں گھومتے نظر آئے اور ان سے کئی کرامات کا ظہور ہوا۔

اسی دوران ناگپور کے مرہٹہ راجہ مہاراجہ گھوراؤ جی بھونسلے پٹیل کے بیٹے ونائیک راؤ کی بیوی زچگی کے مرحلے میں نازک صورتحال سے دوچار تھیں ۔ بڑے بڑے ڈاکٹر، وید، حکیم موجود تھے ۔ مگر کسی قسم کا کوئی افاقہ نہیں ہو رہا تھا ۔ ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ حاملہ کے رحم میں بچہ مرچکاتھا اب زچہ کی جان بچانے کے لیے آپریشن کی ضرورت ہوگی۔ جسم میں زہر پھیل گیا تو پھر اس کے زندہ رہنے کی کوئی امید نہیں ۔

مہاراجہ ڈاکٹروں کو آپریشن کی اجازت نہیں دے رہا تھا اور ادھر بہو کی طبیعت بگڑتی جارہی تھی ۔ اسی دوران مہاراجہ کے ایک ڈرائیور نے جو بابا صاحب ؒ کا بے حد معتقد تھا۔ مہاراجہ سے کہا کہ

‘‘میں ایک مسلمان ولی کو جانتا ہوں۔ آپ ان کے پاس چلیے اور دعاکی درخواست کیجئے ۔ شاید کوئی سبب بن جائے ۔’’

مہاراجہ نے ڈرائیور کی بات سنتے ہی کہا کہ

‘‘ہاں چلو جلدسے جلد ہمیں ان کے پاس لے چلو’’۔ اور اسی طرح ننگے پیر گاڑی میں بیٹھ گیا، راجہ صاحب کی موٹر پاگل خانے کے صدر دروازے پر جاکر رُکی تو لوگ راجا صاحب کے استقبال کو دوڑے لیکن وہ سب کو نظر انداز کرتے ہوئے تیزی سے اندر داخل ہوگئے۔ اندر پہنچتے ہی انہوں نے بابا صاحب کے قدموں میں خود کو گرالیا۔ ان کا چہرہ آنسوؤں سے بھیگا ہوا تھا اور صدمے کی وجہ سے ان کی زبان گنگ تھی۔ بابا نے سر اُٹھا کر انہیں دیکھا اور بولے

‘‘ادھر کیا کرتے جی حضت! ادھر جانا، لڑکا پیدا ہوا ہے تو خوشیاں منانا….!’’

ڈرائیور نے یہ سنتے ہی کہا کہ مہاراجہ جلد واپس چلیے کام ہوگیا۔

مہاراجہ جب محل میں پہنچا تو خادموں نے دروازے پر ہی مہاراجہ کو مبارک باد دی اور خوشخبری سنائی کہ آپ کی بہو کو بیٹا ہواہے اور زچہ و بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔

مہاراجہ کا اعتقاد بابا صاحب ؒ پر اس قدر پختہ ہو اکہ اس نے اسی وقت چیف کمشنر ناگپور بینجمن رابرٹس کے پاس نقد زرضمانت جمع کرا ئی اور بابا صاحب ؒ سے عرض کہ آپ میرے ساتھ چلیے۔ آپ ؒ نے اس کی درخواست قبول کر لی۔

21 ستمبر، 1908ء کو ناگپور کے مہاراجہ راگھوجی راؤ بھوسلے باباصاحبؒ کو بڑی دھوم دھام سے ہاتھی پر سوار کرا کے شكردرہ میں اپنے شاہی محل لے آیا ۔ جہاں تمام اہل خانہ نے باباصاحب ؒ کااستقبال کیا ۔

مہاراجہ نے محل کا ایک حصے میں بنی ‘‘لال كوٹھی’’ آپ ؒ کے لیے مخصوص کردی ۔ راجہ خود صبح شام ان کو حاضری دیتے تھے ۔لال کوٹھی میں بھی ہروقت عام لوگوں کا ہجوم لگا رہتا اور مہاراجہ کی جانب سے ان عقیدتمندوں کے لیے دونوں وقت چائے اور کھانے کا اہتمام ہوتا ۔ آج بھی یہ محل عوام کے لیے وقف ہے اور زائرین زیارت کے لیے دور دور سےآتے ہیں۔

ایک مرتبہ بیگم راجہ آف بھوپال آپؒ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور وہ اپنے ساتھ انواع اقسام کے کھانے لائیں اور بابا صاحب ؒ سے عرض کیا ‘‘اس میں سے کچھ تناول فرمائیں ’’۔

بابا صاحب ؒ نے چند لقمے لیے اس دوران بیگم صاحبہ نے دل میں سوچا کہ اتنے اچھے کھانے یہاں کون پکا کر باباصاحب ؒ کو کھلاتا ہوگا۔ آپ نے فوراً ہی فرمایا

‘‘یہ کھانا ہمارے کام کا نہیں۔ ہمیں ایسا کھانا کون کھلا سکتا ہے’’ اور یہ کہہ کر زمین سے پتھر اٹھا کر ویسے ہی کھانے لگے جیسے کھانا تناول فرما رہے ہوں…. بیگم صاحبہ بہت ہی شرمندہ ہوئیں۔

چیف کمشنر بینجمن رابرٹس کی بھتیجی بہت شدید بیمار تھی۔ لندن میں ہر طرح کا علاج کروایا لیکن اس کے سر میں شدید قسم کا درد ہوتا تھا ۔ اسے کسی طرح بھی آرام نہ آرہا تھا ۔ بابا تاج الدین ؒ کا شہر ہ سن کر وہ آپ کی خدمت اقدس میں حاضر ہوا۔ رگھو راؤ نے ڈرتے ڈرتے بابا صاحب ؒسے سوال کیا ۔ ‘‘چیف کمشنر رابرٹس آئے ہیں ۔ اگر اجازت ہو تو بلا لاؤں ؟’’

‘‘بلالے بلالے ، بے چارہ پریشان ہے، تاج الدین کسی کو نکو روکتاجی ۔ ’’

راجہ کے ہمراہ سر بینجمن ننگے پاؤں حجرے میں داخل ہوا…. بابا جی نے بڑے اطمینان سے کہا….‘‘تو کائے کو اتنا خرچہ کیا ؟ بچی کو ناحق تکلیف دیا۔ بٹیا کو مٹی سنگھاتے ،اچھے ہو جاتے ۔ ’’

کوئی نہ سمجھ سکا بابا صاحب ؒ کیا کہہ رہے ہیں ۔ باباصاحب خواتین کا بے حد احترام کرتے تھے ۔ دورازے کی جانب سر بینجمن کی میم اور جواں سال بھتیجی رگھوجی راؤ کی بیوی کے ہمراہ کھڑی تھیں۔ بابا نے ان کو دیکھا فوراً کھڑے ہوگئے ….‘‘آجاؤ رے’’….رانی لڑکی کا ہاتھ پکڑے آگے بڑھی جس کے سر پرپٹی بندھی تھی۔

‘‘بابا ! اس کے سر میں درد رہتا ہے۔ لندن میں کسی بھی علاج سے فائدہ نہیں ہوا ہے۔ سر بینجمن نے اسے آپ سے دم کرانے کے لیے وہاں سے بلوایا ہے’’….وہ ایک ہی سانس میں پوری بات کہہ گئی ۔

‘‘یہ تو پگلا ہے جی بچی کو تکلیف دیا۔ تاج الدین ؒ کو بولنا تھا….’’ پھر بڑی شفقت سے لڑکی کو اپنے قریب بٹھایا اور بولے

‘‘پریشان نکو ہوتے ….بیٹی۔ مٹی سونگھ لیتے۔ اچھے ہوجاتے۔ پٹی کھول دیتے….’’ شفقت اور مٹھاس ان کے لہجے سے پھوٹی پڑتی تھی ۔ لڑکی کچھ بھی نہ سمجھی۔ وہ اردو سے ناآشنا تھی۔ وہ حیرت بھری نگاہوں سے بابا کو دیکھ رہی تھی۔

‘‘ کونسی مٹی۔ رگھوجی نے پوچھا ….’’

بینجمن رابرٹس کی طرف اشارہ کرکے فرمایا‘‘یہ لائے گاجی ۔ بچی کو سونگھا دے۔ جی اچھے ہوجاتے’’۔

سر بینجمن رابرٹس بابا ؒ کی خدمت میں پہلے بھی حاضری دے چکاتھا۔ بات سمجھ گیا فوراً تھوڑی سی مٹی ا ٹھا لایا اور بچی کو اُسے سونگھ لینے کی ہدایت کی۔ مٹی کو سونگھتے ہی بچی کو تین چار چھینکیں آئیں

‘‘بس بیٹی….! بس اب اچھے ہوگئے ’’ باباصاحبؒ نے فرمایا ۔

رانی نے بچی کے سر کی پٹی کھولی۔ درد سر بالکل غائب ہوگیاتھا…. فرط مسرت سے لڑکی کی آنکھوں سے آنسو نکل آئے ۔

یہ سب لوگ سراپا تشکر اور سپاس بنے ہوئے تھے، سر بینجمن نے احساس تشکر کے ساتھ ساتھ بابا صاحب ؒ کی خدمت میں کثیر رقم پیش کی تو آپ کی پیشانی پر بل پڑگئے ۔ مگر آپ کے الفاظ میں بڑی نرمی تھی ۔

‘‘بیٹی باپ کو نذزانہ نہیں، باپ بیٹی کو دیتا ہے ….’’ یہ کہا اور گاؤ تکیے کے نیچے ہاتھ ڈالا اور چند سکے لڑکی کے ہاتھ پر رکھ دیئے۔

اس نے خوشی خوشی تحفہ قبول کر لیا اور وہ لوگ شاداں وِِفرحاں رخصت ہوگئے ۔

سر بینجمن کی بابا صاحب سے یہ ملاقات مہاراشٹر کے مسلمانوں کے حق میں رحمت ثابت ہوئی۔ سربینجمن نے بڑی تعداد میں وہاں اسکول اور مدرسے قائم کیے، مسلمانوں کی درسگاہوں کے لیے زمینیں فراہم کیں، عمارتوں کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور تعلیم یافتہ مسلمان نوجوانوں کے لیے روزگار فراہم کرتے رہے۔

جبل پور میں مسلمانوں کا اسکول آج بھی رابرٹس انجمن اسلامیہ ہائی اسکول کے نام سے موجود ہے۔ انہوں نے وہاں ہزاروں مخالفتوں کے باوجود رابرٹس کالج بھی قائم کیا….ناگپور کا انجمن اسلامیہ ہائی اسکول بھی سر بنجمن اور تاج الدین بابا ؒ کی اسی ملاقات کی یاد گار ہے۔

بیرہٹ اب تاج آباد کے نام سے مشہور ہے۔ ایک دن بابا گھومتے ہوئے اس جگہ جاکر رُک گئے جہاں اب ان کا مزار ہے وہاں انہوں نے زمین سے تھوڑی مٹی اُٹھائی اور کہا :

سبحان اﷲ کیا اچھی مٹی ہے۔

ذیقعد 1343ھ میں بابا ڈگوری کے پل پر مقیم تھے یکایک وہ اپنے ایک معتقد سے پوچھنے لگے ۔

‘‘عید کا چاند دکھ گیا….؟’’۔ جواب ملا’’رمضان کی عید ہوچکی ہے اب بقرعید کا چاند دکھے گا’’….

بابا تاج الدین بولے ‘‘ہوبابو اب اس کے بعد چاند دکھے گا’’۔

اس کے بعد سے بابا تاج الدین کی طبیعت ناساز رہنے لگی ۔ راجہ رگھو راؤ نے بابا صاحب کے علاج کے لیے ناگپور سے ماہر ڈاکٹر بلوائے، لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا۔

26محرم الحرام بمطابق17اگست 1925ء بروز پیر (چھیاسٹھ برس کی عمر میں )مغرب کے وقت بابا نے ہاتھ اُٹھا کر ایک لمحے کے لیے دعا کی۔ پلنگ سے اُٹھ کر چاروں طرف دیکھا پھر سکون سے آنکھیں بند کرکے لیٹ گئے…. ا سی حالت میں دارفانی سے کوچ فرمایا۔

آپ کا مزار تاج آباد (تاج باغ) امریڈ روڈ، ناگپور میں مرجع خلائق ہے۔

حضرت قلندر بابااولیاءؒ رشتہ میں حضرت بابا تاج الدینؒ کے نواسے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔ حیات بابا تاج الدین رح سے ماخوذ کتاب تاریخ اولیاءہند ، صفحہ نمبر 122
Previous Post Next Post